نئی دہلی، 2 ؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ہندوستان چھوڑو تحریک کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی ملک کے باشندوں میں حب الوطنی کے جذبے کو ایک بار پھر بیدارکرنے کے لیے آئندہ9؍اگست کو بی جے پی کی وسیع مہم ’70سال ،آزادی یاد کرو قربانی‘کاآغازکریں گے اوران کی تقریباََپوری کابینہ اس احساس کو بیدارکرنے کے لیے ملک بھر کا دورہ کرے گی ۔پارٹی کے سینئر لیڈر ایم وینکیانائیڈونے پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں تیار ہوئے پروگرام ’70سال آزادی ، یاد کرو قربانی‘ سے متعلق معلومات دیتے ہوئے اس کا اعلان کیا۔انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ اس کا بنیادی خیال عوام کے درمیان حب الوطنی کے جذبے کو دوبارہ جگانا ہے تاکہ آزادی کی جنگ لڑنے والے ہمارے لیڈروں کی قربانیوں کو نئی نسل تک پہنچایا جا سکے اور ان کی بہادری کویادکیاجاسکے۔کاکوری کیس ، جلیاں و الا باغ سانحہ، ڈانڈی مارچ اور ہندوستان چھوڑو تحریک جیسے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لیڈر اور مرکزی وزراء آزادی کی تحریک سے متعلق مقامات کا دورہ کریں گے اور لیڈروں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کریں گے۔انہوں نے کہاکہ کاکوری، ہندوستان چھوڑو تحریک اور دانڈی مارچ کو یاد کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل ان سے ترغیب لے سکے۔وزیر اعظم 9 ؍اگست کو اس مہم کا آغاز کریں گے۔پارٹی15؍اگست سے22اگست تک ترنگا یاترا نکالے گی ۔